مشکل وقت گزر گیا اب عوام کو ریلیف دینے کا وقت ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی نتائج کی پروا کیے بغیر سخت فیصلے کیے مشکل وقت گزر چکا ہے اب عوام کو ریلیف دینے کا وقت ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی لاہور میں واقع رہائشگاہ پر ان کی زیر صدارت پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز، وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنا اللہ، عطا تارڑ، ملک احمد خان ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیاسی صورتحال اور انتخابات کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے سے متعلق اہم مشاورت کی گئی اور مسلم لیگ ن کی سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ بجٹ، مہنگائی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے سیاسی نتائج کی پروا کیے بغیر ملکی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سخت فیصلے کیے لیکن مشکل وقت گزر گیا چکا ہے اور اب عوام کو ریلیف دینے کا وقت ہے۔ حکومت نے حالیہ عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس میں مہنگائی کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔