جعلی سگریٹ کی بڑی کھیپ پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

سگریٹ سازی میں 300 ارب روپے کی ٹیکس چوری روکنے کیلئے بڑا فیصلہ

پولیس نے آزاد کشمیر سے جعلی سگریٹ کی بڑی کھیپ کی پاکستان اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ تھانہ پولیس چھتر کلاس آزاد کشمیر نے کوہالہ کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان آنے والے ٹرک سے تقریباً 23 لاکھ جعلی سگریٹ کے پیکٹ برآمد کیے۔

جعلی سگریٹ کی کھیپ پر ایک کروڑ 38 لاکھ روپے ٹیکس چوری کیا جا رہا تھا۔ سگریٹ مظفر آباد سے بذریعہ ٹرک پاکستان اسمگل کیے جا رہے تھے۔

وزارت صحت نے آزاد کشمیر پولیس کو جعلی سگریٹ اسمگلنگ کی اطلاع دی تھی۔ تھانہ چھتر کلاس پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

مظفر آباد میں جعلی سگریٹ سازی کے معاملے پر خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ 4 رکنی ٹیم مظفر آباد میں جعلی سگریٹ سازی کی تحقیقات کرے گی۔