چوہدری سرور کا استحکام پاکستان پارٹی پر تبصرہ

چوہدری سرور کا استحکام پاکستان پارٹی پر تبصرہ

لاہور: سابق گورنر پنجاب اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سرور نے جہانگیر ترین کی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی پر مختصر تبصرہ کر دیا۔

چوہدری سرور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میری اطلاع کے مطابق نئی پارٹی لندن کی مرضی سے بنی ہے، سب کو نئی پارٹی بنانے کا حق حاصل ہے، جو لندن گئے ہیں ان کا بھی لندن جانا حق ہے۔

(ق) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے سیاست دان سیاست کو تجارت بنا کر لوٹ رہے ہیں، کوئی ملک قرض لے کر ترقی نہیں کر سکتا، قوم کو الیکشن سے پہلے ترقی کا پورا پروگرام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا ملک بننا ہے جس میں لوگ اپنی قابلیت کی بنیاد پر ترقی کرتے ہیں، پاکستان کے نوجوان میری اولین ترجیح ہوگی، جو ٹیلنٹ پاکستان کے بچوں میں ہے دنیا میں کہیں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا ماضی گواہ ہے کہ مشکل وقت میں لوگوں کے ساتھ کھڑا رہتا ہوں۔

’الیکشن میں 9 مئی واقعات کا خمیازہ پی ٹی آئی کو بھگتنا پڑے گا‘

چند روز قبل اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں 9 مئی کے واقعات کا خمیازہ پی ٹی آئی کو بھگتنا پڑے گا، 9 مئی کے واقعات سے پی ٹی آئی کو یقیناً دھچکا لگا ہے، پی ٹی آئی کی 9 مئی سے پہلے والی پوزیشن اب نہیں ہے۔

چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی بہت کمزور ہوئی ہے، جن لوگوں نے بھی غلطیاں کرائی ہیں انتہائی شدید ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی بڑی جماعت تھی لیکن اب نہیں ہے، یہ بھی حقیقت ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، سیاسی جماعتیں ایک ادارے کی مانند ہونی چاہئیں۔

یاد رہے کہ چوہدری سرور پی ٹی آئی دورِ حکومت میں پنجاب کے گورنر رہے تاہم رواں سال مارچ میں انہوں نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرلی۔