فلم "گلیڈی ایٹر 2” کی عکس بندی کے دوران گیس لائن کے سبب سیٹ پر خوفناک دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں فلم کے 6 اداکار زخمی ہو گئے۔ فلم کی شوٹنگ مراکش میں جاری تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش میں فلم "گلیڈی ایٹر 2” کی عکس بندی کے دوران سیٹ پر دھماکے کے نتیجے میں فلم کے 6 اداکار زخمی ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم کی عکس بندی جاری تھی کہ اس دوران خصوصی تائثرات کے استعمال والے ایک سیٹ پر دھماکہ ہو گیا جس کی زد میں آکر اداکار زخمی ہوئے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گیس لائن کے سبب دھماکے کا واقع رونما ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گلیڈی ایٹر 2 میں لوسیئس کا مرکزی کردار نامور اداکار پال میسکل نبھا رہے ہیں جنھوں نے حال ہی میں آفٹرسن میں اپنی کارکردگی کے لیے پہلی اکیڈمی ایوارڈ کی نامزدگی حاصل کی ہے۔ فلم میں کیوگھن کا کردار فریڈ ہیچنگر ادا کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ دو بار کے اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ڈینزیل واشنگٹن سمیت دیگر مشہور اداکار بھی فلم کا حصہ ہیں۔ گلیڈی ایٹر کی سن 2000 میں بنائی گئی ہالی وڈ کی ایک شاندر فلم ہے جو کہ ایک رومن جنرل کی کہانی ہے جو فوجی بغاوت کا شکار ہو جاتا ہے۔ فلم نے نہ صرف زبردست مالی کامیابی حاصل کی تھی بلکہ اسے تنقید نگاروں کی جانب سے بھی کافی پذیرائی ملی تھی۔ تاریخ پر بنائی گئی بہت کم فلمیں ہی گلیڈی ایٹر کے معیار پر پورا اتر پاتی ہیں۔