اسلام آباد میں بے ضابطگیوں پر 7 مراکز صحت سیل کر دیے گئے

اسلام آباد: اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے عطائیوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران بے ضابطگیوں پر 7 مراکز صحت سیل کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے 7 مراکز صحت سیل کر دیے، مراکز صحت کو بے ضابطگیوں پر سیل کیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 2 ہفتوں کے دوران 64 مراکز صحت کا معائنہ کیا گیا، اس دوران میٹرنٹی ہوم، میڈیکل اسٹور، لیبارٹری، اور کلینکس کو سیل کیا گیا۔

آئی ایچ آر اے کے ترجمان کے مطابق مراکز صحت کو سیل کرنے کی وجوہ میں گندگی، عملے کی کمی، عدم رجسٹریشن شامل تھی، 6 مراکز صحت کو احکامات کی عدم تعمیل پر کام سے روکا گیا، اور 42 مراکز صحت کو معمولی عدم تعمیل پر نوٹس بھجوائے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ایک مرکز صحت کی رجسٹریشن بحال کر دی گئی ہے، جب کہ مراکز صحت کی زون وار میپنگ کی جا رہی ہے، اور 2 ہفتوں کے دوران 34 مراکز صحت کی میپنگ مکمل ہو چکی ہے۔