’میئر کراچی الیکشن میں حافظ نعیم کیخلاف دبئی میں خرید وفروخت کی منڈی لگ گئی‘

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ میئر کراچی کے الیکشن میں حافظ نعیم کیخلاف دبئی میں خرید وفروخت کی منڈی لگ گئی ہے کیش گروپ جیتے گا۔

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سینیئر سیاستدان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دعویٰ کیا ہے کہ میئر کراچی کے الیکشن میں حافظ نعیم کیخلاف دبئی میں خرید وفروخت کی منڈی لگ گئی، کیش گروپ جیتے گا جب کہ پنجاب میں سیاسی بٹوارے پر کام جاری ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے ٹویٹ میں کہا کہ الیکشن 60 یا 90 روز میں ہوں پی ڈی ایم ٹوٹے گی جس کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے ہوں گی، آصف زرداری کی بیماری اور شہباز شریف کی کمر درد کے پیچھے ہمیشہ سیاست چھپی ہوتی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آج اسلام آبادہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کر رہا ہوں، 5 بار پولیس نے میرے گھروں اور والدہ کے گھر بغیر وارنٹ داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی، ملازمین کے بازو توڑ دیے، گھڑیاں، ٹیلی فون، لائسنس شدہ اسلحہ، نقدی اور گاڑیاں بھی لے گئے جو سپرداری کے باوجود واپس نہیں دے رہے۔ پنجاب میں چادر اور چار دیواری کی بے حرمتی اور خواتین کی تضحیک جوالہ بن جائے گی۔