کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی و وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سمندری طوفان کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام خصوصاً ساحلی علاقوں کے لوگ انتظامیہ سے تعاون کریں اور بلاتاخیر حفاظتی مقامات پر منتقل ہوں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی و وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سمندری طوفان کے حوالے سے بیان میں کہا ہے سمندری طوفان سے کراچی، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں کو خطرہ ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سمندری طوفان کےپیش نظر چوکس ہے اور ہر ممکن حفاظتی اقدام اٹھا رہی ہے، عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے اپیل کی عوام خصوصاًساحلی علاقوں کے لوگ انتظامیہ سے تعاون کریں اور بلاتاخیر حفاظتی مقامات پر منتقل ہوں۔
انھوں نے کہا کہ پرانی اور خستہ حال عمارتوں میں مقیم شہری بھی ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں اور ماحول معمول پر آنے تک ماہی گیرآئندہ چند دنوں کیلئےسمندر میں بلکل بھی نہ جائیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ طوفانی بارش کے دوران سفر سے گریز کیا جائے، تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہی قدرتی آفت کے ممکنہ نقصان سے بچنے کا راستہ ہے۔
وزیر خارجہ نے ہدایت کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام کارکنان امدادی سرگرمیوں میں انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں اور ساحلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی حلقوں میں عوام سے رابطے میں رہیں۔