دنیا کا سب سے بلند ریسٹورینٹ، بادلوں کے درمیان مزیدار کھانوں کا لطف اٹھائیں!

زمین سے ہزاروں فٹ بلند بادلوں کے درمیان اپنا من پسند کھانا کھانا خواب نہیں رہا بلکہ حقیقت بن گیا ہے دبئی کے برج الخلیفہ اس خواب کی تعبیر پائی جا سکتی ہے۔

انسان خواب دیکھتا ہے پھر اپنی جدوجہد سے اس کی تعبیر بھی پا لیتا ہے۔ موجودہ دور میں تو ناممکن کو بھی ممکن بنانا آسان ہوگیا ہے جیسا کہ اب سے چند دہائی قبل زمین سے ہزاروں فٹ بلند بادلوں کے درمیان ریسٹورینٹ میں بیٹھ کر کھانا کھانا صرف ایک ناممکن خواب ہی لگتا تھا لیکن 21 ویں صدی کی تیسری دہائی میں اب دبئی میں یہ ممکن ہوچکا ہے۔

دبئی کا برج الخلیفہ جو تاحال دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت کا ریکارڈ رکھتی ہے اب اس عمارت کی 122 ویں منزل پر ایک ریسٹورینٹ بنایا گیا ہے جس سطح سمندر سے 1030 میٹر تقریباً 3 ہزار فٹ بلند ہے۔ اس کا نام بھی منفرد رکھا گیا ہے جو کہ ’’ایٹ موسفیئر‘‘ (Atmosphere) ہے جو اپنے محل وقوع کی مناسبت سے انہتائی موزوں لگتا ہے۔ اس ریسٹورینٹ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے سطح زمین کا بلند ترین ریسٹورینٹ تسلیم بھی کیا ہے۔

اس ریسٹورینٹ میں آپ اپنے من پسند فرانسیسی کھانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ یہاں شیشے کے پار تیرتے بادل آپ کے لنچ کو مزید خواب ناک بنا سکتے ہیں۔ یہاں سے 360 ڈگری کے زاویے سے پورے دبئی شہر کا خوبصورت نظارہ بھی ممکن ہوگا۔

ایٹ موسفیئر ریسٹورینٹ کی اندرونی سجاوٹ انتہائی مسحور کن اور یہاں پیش کردہ کھانے بالخصوص فرانسیسی اور یورپی کھانے اتنے لذیذ ہیں کہ جو کھائے وہ انگلیاں چاٹنے پر مجبور ہوجائے۔ تاہم ریسٹورینٹ میں آنا اور مزیدار کھانوں سے لطف اندوز ہونا اتنا آسان بھی نہیں ہے کیونکہ یہاں آنے سے قبل ایڈوانس بکنگ کرانی پڑتی ہے۔

یہاں داخلے کے لیے فی کس 430 درہم فیس مقرر ہے لیکن اگر کھڑکی کے ساتھ من پسند سیٹ چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو اپنی جیب کو مزید خالی کرنا ہوگا کیونکہ اس کے چارجز 503 درہم ہیں۔ اگر یہاں ڈنر کے خواہشمند ہیں تو اس سے تقریباً دگنی رقم کی ادائیگی کرنا ہوگی۔

 

ایک سابق بھارتی اداکارہ گزشتہ سال اسی ریسٹورینٹ میں چائے پینے کا لطف اٹھا چکی ہیں تاہم انہیں چائے کی ایک پیالی پاکستانی لگ بھگ 10 ہزار روپے میں پڑی تھی۔