اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رضا ربانی نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ آئی ایم ایف بین الاقوامی سامراج کا حصہ ہے، لگتا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہوگا اور خطے کی صورتحال سامنے ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ کئی حوالوں سے انوکھا بجٹ ہے لیکن آئی ایم ایف بھی انوکھی شراط لگا رہا ہے، ان کی پیشگی شرائط پوری کیں پھر بھی معاہدہ نہیں ہوا، آئی ایم ایف ہر بار گول پوسٹ کو آگے بڑھا دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف اور بین الاقوامی سامراج کے چنگل سے نکلنا ہوگا۔
سی پیک سے متعلق انہوں نے کہا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سی پیک کو بیک برنر پر رکھ دیا گیا، سی پیک کے خلاف جان بوجھ کر مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
روسی خام تیل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ روس سے جو تیل آیا اس کی پیمنٹ چینی کرنسی میں کی گئی ہے۔
اجلاس میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ای او بی آئی کی پنشن میں کیا گیا اضافہ ناگزیر ہے، ای او بی آئی کی پنشن میں کم از کم 10 ہزار روپے کا اضافہ کیا جائے۔