کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے پیش نظر شہری احتیاط کریں اور جمعرات، جمعہ کے روز گھروں سے غیرضروری نہ نکلیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے پیش نظر محکمہ بلدیات میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، کے ڈی اے، ڈی ایم سیز، کے ایم سی کو الرٹ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور عملے کی ایمرجنسی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں، شہر سے بل بورڈز اور پینلز کو ہٹانے کا کام جاری ہے، ڈی ایچ اے، کنٹونمنٹ بورڈز کے زیر انتظام علاقوں سے بل بورڈز ہٹائے جارہے ہیں۔
ناصر شاہ نے کہا کہ پیڈسٹرین برجز، فلائی اوورز پر لگے پینلز کو بھی ہٹانے کی خصوصی ہدایات دی ہیں۔
وزیر بلدیات سندھ نے بتایا کہ برساتی نالوں کی صفائی جاری ہے، شہر کے حساس چوکنگ پوائنٹس کو کلیئر کیا جارہا ہے، شہر کے مختلف مقامات پر ڈی واٹرنگ پمپ نصب کردیے گئے ہیں۔
ناصر شاہ نے مزید کہا کہ بپر جوائے کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے پوری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے احکامات دیے ہیں، وزیراعلیٰ نے آج شہر کا دورہ کرکے مختلف علاقوں سے بل بورڈز ہٹانے کا جائزہ بھی لیا ہے۔