یو اے ای کے خلا باز نے خلا سے بپر جوائے کی ویڈیو شیئر کردی

یو اے ای خلا باز

متحدہ عرب امارات کے خلا باز سلطان النیادی نے انٹرنیشنل خلائی اسٹیشن سے سمندری طوفان بپر جوائے کی ویڈیو شیئر کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اماراتی خلا باز سلطان النیادی نے بحیرہ عرب کے طوفان بپر جوائے کی ویڈیو شیئر کی جبکہ یہ طوفان ممکنہ طور پر 15 جون کو پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔

اماراتی خلا باز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس ایس نے انہیں متعدد قدرتی مظاہر کا منفرد نظارہ کرنے کا موقع فراہم کیا جس سے زمین پر موسم پر نظر رکھنے والے ماہرین کو مدد مل سکے گی۔

واضح رہے کہ آئی ایس ایس میں موجود افراد کو اکثر موسمی حالات کی ویڈیوز بنانے کا کہا جاتا ہے تاکہ ماہر موسمیات حالات کو زیادہ بہتر طریقے سے مانیٹر کر سکیں۔

یاد رہے کہ اماراتی خلاباز سلطان النیادی اس وقت بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن میں ناسا کے 6 ماہ طویل مشن پر موجود ہیں اور وہیں سے وہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے باقاعدہ اپ ڈیٹس شیئر کرتے رہتے ہیں۔