پاکستان نے ویمنز ایمرجنگ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے اور پہلے میچ میں نیپال کو 9 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ہانگ کانگ میں کھیلے جا رہے ویمنز ایمرجنگ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان نے اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا ہے اور پہلے میچ میں نیپال کو 9 رنز سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم 88 رنز کا ہدف دیا تاہم نیپال کی ٹیم اس کم ہدف کا بھی تعاقب نہ کرسکی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر صرف 78 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے طوبیٰ حسن اور سیدہ عروب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ کل (جمعرات) کو میزبان ہانگ کانگ سے کھیلے گی جب کہ ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا ہفتہ 17 جون کو کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں 8 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ٹیم تین گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپوں کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ایونٹ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا۔
دوسرے گروپ می سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا اور یو اے ای کی ٹیمیں شامل ہیں۔
قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ایونٹ کے آغاز سے قبل کہا تھا کہ ٹیم نے ٹورنامنٹ کے لیے سخت محنت کی ہے۔ ہر کھلاڑی کو اپنا رول پتہ ہے کہ کیا کرنا ہے اور ٹیم ممبر اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔