لوگ دنیا کے بلند ہوٹلز کے بارے میں تو ضرور جانتے ہوں گے لیکن دنیا کا زیر زمین سب سے گہرا ہوٹل بھی موجود ہے جس کے بارے میں شاید ہی کوئی جانتا ہو۔
ہوٹل جانا ہر کسی کو پسند ہوتا ہے وہاں قیام اور اگر سفر یا تفریحی ٹور پر ہوں تو قیام بھی لازم ہوتا ہے۔ آپ نے دنیا کے بلند ترین ہوٹل کے بارے میں سن رکھا ہوگا جو دبئی میں واقع ہے لیکن زیر زمین دنیا کا گہرا ترین ہوٹل جانتے ہیں کہاں ہے اگر نہیں جانتے ہو ہم بتا دیتے ہیں۔
یہ منفرد ہوٹل امریکی ریاست ویلز کے کوہ اسنو ڈونیا میں ہے جس کا اس کے جائے وقوعہ کی مناسبت سے ڈیپ سلیپ رکھا گیا ہے۔ یہ ہوٹل ایک خالی اور تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والی پتھروں کی متروکہ کان (کوہ مورٹھن سلیٹ مائن) کی سطح زمین سے 419 میٹر گہرائی میں واقع ہے اور اس میں قیام اور طعام کی سہولتیں میسر ہیں۔
ڈیپ سلیپ میں چار پرائیویٹ ڈبل بیڈ کیبن، ایک گروٹو روم بشمول ڈبل بیڈ، ایک طعام گاہ اور ٹوائلٹ کی سہولتیں دستیاب ہیں۔ تاہم اس ہوٹل تک پہنچنے کے لیے آپ کو ایک مشکل، گہرے اور غیر ہموار راستے سے گزرنا ہوگا جو خاصا ایڈونچر ثابت ہوسکتا ہے۔
اگر آپ کو عجائبات میں دلچسپی ہے اور دنیا کے اس منفرد ہوٹل میں قیام کا ارادہ رکھتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو اپنی جیب کو خاصا بھاری بھرکم کرکے آنا پڑے گا کیونکہ اس میں صرف ایک رات قیام کے خواہشمند شخص کو 550 برطانوی پاؤنڈ یا 688 امریکی ڈالرز (پاکستانی تقریباً 2 لاکھ روپے) ادا کرنا ہوں گے۔