’کسی کو غائب نہیں کیا سب پی ٹی آئی بلدیاتی ارکان گھروں میں ہیں‘

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سب پی ٹی آئی بلدیاتی ارکان اپنے گھروں پر موجود ہیں کوئی غائب نہیں ہوا کسی بلدیاتی رکن سے زور زبردستی نہیں کی گئی نہ کسی کو گرفتار کرایا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کی میئرشپ کے لیے نمبرز میں پیپلزپارٹی آگے ہے دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی اور تیسرے نمبر پر پی ٹی آئی ہے، جے یوآئی، ن لیگ نے پیپلزپارٹی امیدواروں کی حمایت کردی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ تحریک انصاف کے 30 سے زائد ارکان نے پریس کانفرنس کی جس میں پی ٹی آئی ارکان نے کہا جماعت اسلامی نےہم پر ایف آئی آر کٹوائی ہے آپ ایف آئی آر ختم کرائیں ورنہ ووٹ نہیں دیں گے پی ٹی آئی ارکان نے کہا کہ ضروری نہیں جماعت اسلامی کو ووٹ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 30 پی ٹی آئی ارکان پر جماعت اسلامی نے خود مقدمات درج کرائے پی ٹی آئی ارکان نے کہا ایسا نہیں ہو سکتا کہ مقدمہ درج کرائیں اور ووٹ بھی دیں پی ٹی آئی کےمنحرف ارکان نےکہا کہ وہ پی پی کو بھی ووٹ نہیں دیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی ایم کیوایم پاکستان کےبائیکاٹ کی وجہ سےجیتی ہے جماعت اسلامی فاشسٹ تنظیم ہے عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں۔