ہاکس بے کی ساحلی پٹی پر سمندر ایک بار پھر بپھر گیا ہے اور پانی ساحلی پٹی کے ساتھ واقع سڑک پر آنا شروع ہو گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق طوفان کی شدت کے سبب ہاکس بے پر ہٹس کی حدود سے نکل کر سمندری پانی آگے آنا شروع ہوگیا ہے۔ سمندر میں طغیانی کی وجہ سے ساحلی پٹی پر بھی لہریں اونچی ہو گئی ہیں۔ اونچی لہروں نے کئی ہٹس کی حفاظتی دیواروں کو نقصان پہنچایا ہے۔ پی ڈی ایم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں 15 سے 17 جون تک 120 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
ہٹس کے سامنے بنائے گئے حفاظتی بند طوفانی ہوائوں اور سمندری پانی کے آگے آنے سے ٹوٹنا شروع ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ سینڈزپٹ کے قریب بھی حفاظتی بند ٹوٹ گیا جس کے بعد پانی دوسرے حفاظتی بند کے پاس جمع ہو رہا ہے۔
طوفان کی شدت کے پیش نظر کراچی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دو حفاظتی بند بنائے گئے ہیں۔ تاہم ہوائوں کے جھکڑ اور سمندر کا پانی بندوں کو بنا کسی خاطر میں لائے آگے رہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے نے سمندری طوفان بیپر جوائے کے حوالے سے 21 واں الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے لیے بھی 8 واں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق انتہائی تیز طوفان جنوب کراچی سے 310 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، یہ طوفان ٹھٹھہ سے 300 کلو میٹر اور کیٹی بندر سے 240 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔