سمندری طوفان کے اثرات کب تک برقرار رہیں گے؟

بپر جوائے

سمندری طوفان بیپر جوائے آج شام بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس کے پاکستان کے ساحلی علاقوں پر اثرات 17 جون تک برقرار رہیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سمندری طوفان بیپر جوائے شدت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور آج شام اس کے بھارتی ریاست گجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ اس کے اثرات کب تک پاکستان کی ساحلی پٹی پر کب تک باقی رہیں گے اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ سمندری طوفان کے اثرات 17 جون تک برقرار رہیں گے جب کہ آج شام بارش متوقع ہے، ماہی گیر سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ طوفان کراچی سے 230 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جب کہ ٹھٹھہ کے ساحل سے اس کا فاصلہ 235 کلومیٹر اور کیٹی بندر سے 155 کلومیٹر دور ہے۔

طوفان کے اطراف ہوا کی رفتار 150 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، اس کے اثرات کے باعث لہروں کی اونچائی 25 سے 30 فٹ بلند ہے۔

محکمہ موسمیات نے حیدرآباد، ٹنڈوالہیار، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ اور دیگر اضلاع میں آج اور کل آندھی کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ حب، لسبیلہ، خضدار اضلاع میں آج اور کل گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔