ہمارا 173 کا نمبر پورا ہے، مرتضیٰ وہاب

مرتضی وہاب میئر کراچی

میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارا 173 کا نمبر پورا ہے جن میں ہمارے اتحادیوں ن لیگ اور جے یو آئی کے ووٹ شامل ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر الیکشن سے قبل پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار نے آرٹس کونسل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارا 173 کا نمبر پورا ہے۔ ہمارے 155 اراکین ہیں جب کہ ہمارے اتحادیوں ن لیگ کے 14 اور 4 جے یو آئی کے اراکین ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ الزامات کی سیاست مسائل حل نہیں جنم دیتی ہے، بدقسمتی سے لوگوں نے الزامات لگانے پر توجہ دی ہے، ہم نے 15 جنوری سے پہلےالزام لگائے نہ ہی بعد میں۔ ہم نے اپنے اتحادیوں سے بات کی۔ ن لیگ کے 14 جب کہ جے یو آئی کے چار اراکین ہیں اور ہمارا 173 کا نمبر پورا ہے۔ اگر جماعت اسلامی ہمارا نمبر کراس کرلیں تو بسم اللہ۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی ہم نے اضافی اراکین کو نہیں بلایا، ہم نہیں چاہتے کسی سے لڑائی جھگڑا ہو، عدالت کا حکم آیا کہ زیر حراست لوگوں کو پیش کیا جائے، سب کے سامنے ہم نے وہ اراکین پیش کر دیے ہیں، آج جو بھی فیصلہ ہو وہ سب کو قبول کرنا چاہیے۔

پی پی امیدوار کا کہنا تھا کہ قانون سازاسمبلی نے قانون بناتے وقت کہا سادہ اکثریت سے میئر بنے گا، فردوس شمیم نقوی کے ہاتھ میں ہتھکڑی نہیں تھی میں نے خود دیکھا ہے، ایک رکن کو میں نے خود دیکھا وہ غلط ہے، نہیں ہونا چاہیے، ایک رکن کو میں نے خود دیکھا وہ غلط ہے، نہیں ہونا چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ میرا کسی پی ٹی آئی رکن اسمبلی سے رابطہ نہیں، فردوس شمیم نقوی سے ذاتی رشتہ ہے کیونکہ وہ میرے والدین کے ساتھی رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میئر کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مرتضیٰ وہاب کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

دونوں جماعتوں کی جانب سے میئر کے انتخاب کے لیے درکار اکثریت موجود ہونے اور پیشگی کامیابی کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔