راولپنڈی میں 16 سے 18 جون تک شدید بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی

راولپنڈی: محکمہ موسمیات کی جانب سے 16 سے 18 جون تک پنڈی میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے شدید بارشوں کے پیش نظر خستہ حال عمارتوں کو خالی کرنے کے لیے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے 86 کمرشل اور رہائشی عمارتیں رہائش کے لیے خطرناک قرار دی گئی ہیں۔

میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 22 کمرشل اور 66 رہائشی عمارتیں رہنے کے قابل نہیں ہیں۔ خستہ حال عمارتوں کے مالکان عمارتوں کو فوری خالی کریں۔ میٹروپولیٹن حکام کے مطابق خستہ حال عمارتیں بوہڑ بازار، راجہ بازار، سید پوری گیٹ، بھاپڑا بازار اور لنڈا بازارمیں واقع ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان عمارتوں کی حالت بالکل بھی بہتر نہیں اور یہ کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتی ہیں۔ عمارتوں کے مالکان نے اس سلسلے میں عدم تعاون کیا تو ان کے خلاف لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

شہر میں شدید مون سون بارشیں متوقع ہیں جس کے سبب حکام خستہ حال عمارتوں کا سروے کررہے ہیں تاکہ ان کا ڈیٹا جمع کیا جا سکے اور کسی انسانی المیے سے بچنے کے لیےوہاں موجود لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جاسکے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر حسن وقار نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر خستہ حال عمارتوں کا سروے جاری ہے۔