آج پیٹرول کی قیمت سے متعلق کیا اعلان ہوگا؟ عوام کے لئے اہم خبر

پیٹرولیم مصنوعات

اسلام آباد : حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج کیا جائے گا، اوگرا کی سمری کو مد نظر رکھ کر نئی قیمتوں کا فیصلہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج کرے گی ، اوگرا ذرائع نے کہا ہے کہ اوگرا کی جانب سے ابھی تک قیمتوں کی سمری نہیں بھیجی گئی ، آج شام کو اوگرا کی جانب سے سمری حکومت کو بھیجی جائے گی۔

سمری کو مد نظر رکھ کر نئی قیمتوں کا فیصلہ کیا جائے گا ، اوگراسمری پروزیر اعظم شہبازشریف کو سفارش کی جائے گی اور وزیر اعظم کی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے 31 مئی کو وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کیا گیا تھا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی تبدیلی نہیں آئی لہٰذا پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کمی کر کے نئی قیمت 262 روپے کر دی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے کمی کی جا رہی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 258 سے کم ہو کر 253 روپے فی لیٹر ہوگی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے فی لیٹر کمی کر رہے ہیں، اس کی نئی قیمت 152 سے کم ہو کر 147 روپے فی لیٹر ہوگی۔