سمندری طوفان ‘بپر جوائے’ کی خلا سے مسحور کن تصاویر سامنے آگئیں

طوفان بپر جوائے

طوفان بپرجوائے کے خلا سے مسحور کن نظارے کی تصاویر سامنے آگئیں ، یہ شاندار تصاویر متحدہ عرب امارات کے خلا باز سلطان النیادی نے ٹوئیٹ کیں۔

تفصیلات کے مطابق اماراتی خلانورد سلطان النیادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خلائی اسٹیشن سے طوفان بپرجوائے کے مسحور کن نظارے کی تصاویر شیئر کیں۔

شاندار تصاویر میں بحیرہ عرب کے اوپر بادل ہی بادل نظر آرہے ہیں اور زمین کے بیچوں بیچ بہت بڑا سفید بھنور نمایاں ہے۔

یاد رہے اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے خلا باز سلطان النیادی نے انٹرنیشنل خلائی اسٹیشن سے سمندری طوفان بپر جوائے کی ویڈیو شیئر کی تھی۔

اماراتی خلا باز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا ہے، آئی ایس ایس نے انہیں متعدد قدرتی مظاہر کا منفرد نظارہ کرنے کا موقع فراہم کیا جس سے زمین پر موسم پر نظر رکھنے والے ماہرین کو مدد مل سکے گی۔

یاد رہے النیادی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پرعرب ملک کےسب سےطویل خلائی مشن پر ہیں۔