گجرات : سمندری طوفان ‘بپر جوائے’ نے بھارت کے ساحلی شہروں میں تباہی مچاتے ہوئے راستے میں آنے والی ہرچیز کو تہس نہس کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بپر جوائے بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرا گیا اور بھارت کے ساحلی شہروں میں تباہی مچادی۔
طوفان کچھ میں جکھاؤ ساحل کے ذریعے سمندر سے زمین میں داخل ہوا اورراستے میں آنے والی ہرچیز کو تہس نہس کردیا، ایک سو پچیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں اور مانڈوی، دیو بھومی دوارکا سمیت کئی اضلاع میں زبردست بارش ہوئی۔
اس دوران چھتیں اڑ گئیں، سیکڑوں درخت اُکھڑ گئے، ہزاروں بجلی کے کھمبے گرپڑے، سڑکیں پانی پانی ہوگئیں اور سیکڑوں دیہات اندھیرے میں ڈوبے ہیں۔
کچھ کےعلاقے میں بھی لوگوں کی جان پر بن آئی، مختلف حادثات میںئیس افراد زخمی جبکہ دو افراد جان سے گئے اور سیکڑوں مویشی ہلاک ہوگئے۔
گجرات کے ضلع کچھ اورسورشٹرا میں وفقےوقفے سے تیزبارش جاری ہے، بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے طوفان کی شدت کم ہوگئی ہے تاہم راجستھان میں آج شدید بارش کا امکان ہے۔