’میئر سیٹ کی خاطر پی پی نے جماعت اسلامی کو دور کر کے کیا کھویا یہ وقت بتائے گا‘

راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میئر سیٹ کی خاطر پی پی نے جماعت اسلامی کو دور کر کے کیا کھویا کیا پایا یہ وقت بتائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سینیئر سیاستدان شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجودہ سیاسی صورتحال اور کراچی کے میئر کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وقت بتائے گا میئر سیٹ کی خاطر پی پی پی نے جماعت اسلامی کو دور کر کے کیا کھویا کیا پایا، کراچی میئر کے الیکشن کے بعد جو صاف شفاف الیکشن کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ شرمندہ تعبیر ہونگے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پوری دنیا ہمیں سمجھانے کی کوششیں کر رہی ہے لیکن ہم سمجھ سے عاری ہیں، ملک کو معاشی حادثے کیطرف لےکر جارہے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف دیوالیہ ہونے سے بچانا چاہتا ہے لیکن حکمران دیوالیہ کیطرف لے جانا چاہتے ہیں، یہ چاہتے ہیں معاشی ایمرجنسی لگا سکیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ڈیفالٹ گھر کے دروازے پر دستک دے رہا ہے وزیر خزانہ کہتے ہیں آئی ایم ایف جیو پالیٹکس کر رہا ہے ہمیں سری لنکا بنانےکے بعد مذاکرات کرے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ٹیکسٹائل ملیں بند ہو رہی ہیں، شہبازشریف کی آئی ایم ایف کے ہیڈ سے ایک گھنٹے کی فون پر گفتگو خاک میں مل گئی، اسحاق ڈار کا غیر ذمہ دارانہ بجٹ اس کی زبان کا ساتھ نہیں دےرہا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ملک بوستان کہتا ہے ڈالر 370 تک جا سکتا ہے، عوام خودکشیاں کر رہے ہیں حکمران غیر ملکی دوروں پر ہیں، لطیف کھوسہ جیسے نامور وکیل کے گھر حملہ خطرے کی گھنٹی ہےکوئی بھی بڑا حادثہ ہوسکتا ہے۔