’نواز شریف کو عزت سے وطن واپس لایا جائے‘

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی نور الحسن نے اپنی ہی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے قائد نواز شریف کو عزت کے ساتھ وطن واپس لانے کا مطالبہ کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگی ایم این اے اور لاہور ڈویژن کے صدر نور الحسن ایک تقریب میں اپنی حکومت ہونے کے باوجود میاں نواز شریف کو پاکستان نہ لانے پر حکومت پر برس پڑے۔

نور الحسن نے کہا کہ ہماری حکومت اتنی ظالم اور بے ایمان کیوں ہے، یہ نواز شریف کو واپس کیوں نہیں لاتے۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو روشن کرنے والے لیڈر کو عزت سے وطن واپس لایا جائے۔

انہوں نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ دنوں پہلے آزاد کشمیر میں جس طرح الیکشن ہوئے اس سے سبق سیکھنا چاہیے اور نواز شریف کو فوری وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

واضح رہے کہ نواز شریف کئی سال سے لندن میں مقیم ہیں وہ علاج کے لیے عدالتی اجازت پر 2019 میں لندن گئے تھے۔ ان کی وطن واپسی کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کے متضاد بیانات سامنے آتے رہتے ہیں کبھی کہا جاتا ہے کہ نواز شریف کو جب تک ڈاکٹرز سفر کی اجازت نہیں دیتے وہ پاکستان نہیں آئیں گے اور کچھ رہنما کہتے ہیں کہ الیکشن کا اعلان ہوتے ہیں نواز شریف پاکستان میں ہوں گے۔