قومی ٹیم کا نیا باؤلنگ کوچ کون ہوگا؟ پی سی بی نے نام بتادیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقی کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل کو قومی ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سابق جنوبی افریقہ فاسٹ بولر مورنے مورکل کو پاکستانی ٹیم کا 6 ماہ کے لیے باؤلنگ کوچ کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے، وہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم کے ساتھ فرائض سرانجام دیں گے۔

38 سالہ بولر مورنے مورکل عمر گل کی جگہ لیں گے، عمر گل  پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم کی پچھلی سیریز کے دوران عبوری باؤلنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مورنے مورکل نے اپنے 11 سالہ انٹرنیشنل کریئر میں 86 ٹیسٹ میچوں میں309، 117 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 188 اور 44 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 47 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

سابق فاسٹ بولر نے اپنا آخری ٹی20 انٹرنیشنل میچ ستمبر2017 میں ورلڈ الیون کی طرف سے پاکستان کے خلاف لاہور میں کھیلا تھا۔

مورنے مورکل کا پہلا اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز ہوگی۔