بھارت جس کی ساحلی پٹی سے دو روز قبل سمندری طوفان بائپر جوائے ٹکرایا تھا جس نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی اب اس کو ہیٹ ویو کی صورت ایک نئی مصیبت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پڑوسی ملک بھارت جس کی ریاست گجرات کے ساحل سے دو روز قبل سمندری طوفان بائپر جوائے ٹکرایا تھا اور اس نے وہاں بڑی تباہی پھیلائی تھی۔ طوفان ختم ہونے کے بعد اب بھارت کو ہیٹ ویو کی صورت ایک اور موسمی مصیبت کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے اور بھارت کے شمالی علاقوں میں 98 افراد تین روز میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کے شمالی علاقوں میں شدید گرمی نے قہر ڈھا دیا ہے۔ ریاست اتر پردیش اور بہار میں تین روز میں ہیٹ ویو کے باعث 98 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اتر پردیش میں 44 افراد جب کہ بہار میں 54 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ 400 سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق مرنے والے تمام افراد 60 سال سے زائد عمر کے تھے۔ ان دنوں ریاست بہار کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے جس کے باعث ڈاکٹروں نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اس سے قبل جمعرات اور جمعے کو بھارتی ریاست گجرات سے سمندری طوفان بیپر جوائے ٹکرانے سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے تھے۔ 2 افراد ہلاک جب کہ 29 زخمی ہوئے تھے اس کے علاوہ بھاری مالی نقصان اور انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
طوفان کے باعث مانڈوی گاؤں مکمل زیر آب آگیا، مکانات ڈوب گئے اور وہاں معمولات زندگی مفلوج ہیں۔ ایک ہزار سے زائد دیہات تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے بھارتی حکام کا کہنا ہے بحالی کا کام جاری ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان آئندہ چھ گھنٹے میں مزید کمزور ہوجائے گا لیکن گجرات میں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔