اسلام آباد: قومی ادارہ صحت پاکستان نے افغانستان میں پولیو کیس کی تصدیق کر دی جس کے مطابق افغانستان سے رواں برس کے پولیو کیسز کی تعداد 5 ہوگئی۔
اسے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع این آئی ایچ نے بتایا کہ پولیو کا شکار 6 سالہ بچی کا تعلق افغان صوبے ننگرہار سے ہے، 6 سالہ بچی 18 مئی کو پولیو سے معذور ہوگئی تھی۔
پولیو کا شکار بچی کو معذور ہونے پر علاج کیلیے پشاور لایا گیا تھا۔ پولیو کا شکار بچی سے ٹیسٹ سیمپلز 22 مئی کو لیے گئے تھے۔
افغانستان کے پولیو ٹیسٹ قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں ہوتے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان اور افغانستان کو ایک پولیو بلاک قرار دیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ وزارت صحت نے خیبرپختونخوا کے شہر پشاور کے دو مقامات پر پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔ ترجمان وزارت صحت نے پشاور کے دو مقامات لڑمہ اور نرے خوڑ سے لیے جانے والے دو ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کی۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان پولیو کےخلاف جنگ میں متحد ہیں، پشاور کے 2 مقامات لڑمہ اور نرے خوڑ میں پایا جانے والا وائرس جینیاتی طور پر افغان کے صوبے ننگرہار میں موجود وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیرصحت کا کہنا تھا کہ پاکستان پولیو پروگرام کا پولیو سرویلنس نظام مؤثر اندازمیں کام کررہا ہے، وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو کےخاتمے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں، والدین اپنے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔