ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والا اسمگلر گرفتار

انسانی اسمگلر کراچی

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والے اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم خود کو غیر ملکی قونصل خانے کا ملازم ظاہر کرتا تھا، ملزم آصف خان نے متعدد شہریوں سے کینیڈا امیگریشن کےنام پر پیسے بٹورے۔

ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم کو خفیہ اطلاع پر اسلام آباد کے علاقے جی 13 سے گرفتار کیا گیا، چھاپے کے دوران ملزم سے 5 پاسپورٹ برآمد ہوئے۔

ملزم کے گھر سے 12 پاسپورٹس، جعلی کینیڈین اور ترکش ویزے بھی برآمد ہوئے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

گزشتہ ماہ ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے عملے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اشتہاری اسمگلر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم میاں اعجاز حسین نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر سادہ لوح لوگوں سے لاکھوں روپے بٹور لیے۔

ملزم کے خلاف ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور میں امیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت 7 مقدمات درج تھے، ملزم کے خلاف سال 2017 میں مقدمات درج ہوئے تھے۔