وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی ٹریفکنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ایجنٹ طلحہ شاہزیب نے متاثرہ نوجوان کی فیملی سے پیسے وصول کیے تھے، ملزم کا تعلق شیخوپورہ سے ہے، ایجنٹ نے نوجوان کو یونان بھجوانے کیلیے 35 لاکھ روپے وصول کیے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ایجنٹ کو متاثرہ فیملی کی دی گئی معلومات کے نتیجے میں گرفتار کیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
گزشتہ روز ایف آئی اے ایمیگریشن نے پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر روانہ کرنے میں ملوث انسانی اسمگلر کو اُس وقت گرفتار کیا تھا جب آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا تھا کہ ایجنٹ ساجد محمود شہریوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے میں ملوث ہے، ملزم ایف آئی اے گجرات کو لیبیا واقعے سے متعلق درج مقدمے میں مطلوب ہے۔
ملزم کو آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ ملزم کو اس کے شیڈول فلائٹ سے آف لوڈ کر کے حراست میں لیا گیا۔ ملزم کو مزید کارروائی کیلیے ایف آئی اے گجرات کے حوالے کیا جائے گا۔