عدالتی حکم کے باوجود گجر نالہ متاثرین بقایا جات کی ادائیگی نہ ہونے پر دربدر

کراچی: سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود گجر نالہ متاثرین کو اب تک بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی گئی، متاثرین دربدر اور کرائے کے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں ، جس پر متاثرین نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے گجر نالہ متاثرین کو بقایا جات کی ادائیگی کا حکم دیا تھا تاہم متاثرین کی اب تک اس حوالے سے شنوائی نہیں ہو سکی اور نہ ہی دو چیکس کے بعد اب تک کوئی رقم ادا کی گئی ہے۔

گجر نالہ متاثرین نے تنگ آکر بقیہ رقم کی ادائیگی کے سلسلے میں سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ گجر نالہ آپریشن کے دوران میری دکان مسمار کردی گئی تھی، سندھ حکومت کی جانب سے نالہ متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے اور معاوضہ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

بطور معاوضہ اب تک صرف 90، 90 ہزار روپے کے 2 چیکس ملے ہیں، کرائے کے مکان میں رہنے پر مجبور ہیں مہنگائی نے پریشان کر رکھا ہے، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت عالیہ سندھ حکومت کو بقیہ رقم ادا کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر سینٹرل و دیگر کو نوٹس جاری کر دیے ہیں، عدالت کی جانب سے فریقین سے 6 ستمبر کو جواب طلب کیا گیا ہے۔