گوجرانولہ : وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے کشتی حادثے میں ملوث 12 انسانی سمگلروں کے خلاف چار مختلف مقدمات درج کر لیے، تین مقدمات تھانہ گجرات اور ایک گوجرانوالہ میں درج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیبیا سے اٹلی جانے والی کشتی کے افسوسناک حادثے کے معاملے پر حادثے کا شکار ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین مقدمات درج کروانے کیلئے درخواستیں دینے سے گریزاں ہیں۔
ایف آئی اے نے کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلروں کے خلاف چار مختلف مقدمات درج کر لیے، تین مقدمات تھانہ گجرات اور ایک گوجرانوالہ میں درج کیا گیا ہے۔
تین مقدمات ایف آئی اے نے زندہ بچنے والوں کے بیانات کو بنیاد بنا کر ایف آئی اے کی مدعیت میں درج کیے گئے جبکہ ایک مقدمہ حادثے میں زندہ بچنے والے عظمت خان کے بھائی جاوید اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے گجرات کے تین مقدمات میں بارہ انسانی اسمگلرز کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے جبکہ گوجرانوالہ کے مقدمہ میں پانچ انسانی اسمگلرز کو ملزم نامزد کیا گیا ہیں۔
جن میں آصف سنیارا، ریاست، رانا نقاش ، ندیم اسلم اور محمد اسلم کے نام شامل ہیں ، ایف آئی اے حکام کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔