صرف 15 ہزار نہ دینے پر مقروض کی 2 بہنوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

کراچی جھگڑا فائرنگ

بھارت میں صرف 15 ہزار قرض کی عدم ادائیگی پر ایک شخص نے اپنے مقروض کی دو بہنوں کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔

غصہ بعض اوقات ایسے سنگین سانحات کو جنم دیتا ہے جس کی تلافی نہیں ہوتی۔ ایسا ہی ایک المناک واقعہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پیش آیا ہے جہاں صرف 15 ہزار روپے قرض کی رقم ادا نہ کرنے پر قرض خواہ نے مقروض شخص کی دو بہنوں کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ دہلی کے آر کے پورم پولیس اسٹیشن کی حدود میں اتوار کی علی الصباح پیش آیا جہاں امبیڈکر بستی میں دو بہنوں کو گولی مار دی گئی جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئیں۔

علی الصباح چار بجے کے قریب اچانک فائرنگ کی آواز سن کر قصبے میں سب اٹھ گئے اور جب انہوں نے علاقے کی رہائشی دو بہنوں کو خون میں لت پت دیکھا تو پولیس کو اطلاع دی جس نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ متوفی بہنوں کے نام 30 سالہ پنکی اور 29 سالہ جیوتی بتائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دونوں بہنوں کو رقمی لین دین کے تنازع پر قتل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جیوتی اور پنکی کے بھائی نے بعض افراد سے 15 ہزار روپے قرض لیے تھے لیکن وہ قرض واپس نہیں کر پا رہا تھا۔ اتوار کی علی الصباح بھی قرض خواہ افراد رقم واپس لینے آئے تھے۔

قرض دار کی بیوی نے بتایا کہ قرض خواہ پہلے گھر آئے اور دروازے کو کئی بار دھکا دیا مگر کسی نے دروازہ نہیں کھولا جس کے بعد صبح ساڑھے چار بجے بدمعاش دوبارہ آئے اور دستک دینے پر جب دروازہ کھولا تو انہوں نے دروازہ کھولتے ہی گولیاں برسا دیں۔

متوفی بہنوں کے ورثا کے مطابق قرض خواہ بھائی کو گولی مارنے ہی والے تھے کہ دونوں بہنیں اس کے سامنے آگئیں۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے انہیں نشانہ بناتے ہوئے گولیاں چلائیں۔ گولی لگتے ہی دونوں بہنیں زمین پر گر گئیں۔ انھیں قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

اس حوالے سے جنوبی مغربی دہلی کے ڈی سی پی منوج سی نے بتایا کہ اتوار کو نامعلوم حملہ آوروں نے آر کے پورم پولیس اسٹیشن علاقے کے امبیڈکر بستی میں دو خواتین کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے دونوں افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

اُدھر دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے دہرے قتل پر افسوس کا اظہار کرنے کے ساتھ دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔