’نواز شریف سے کہا تھا قیادت تبدیل کریں گے تو میرا کسی عہدے پر رہنا ممکن نہیں‘

پی ٹی آئی سے رابطہ، کس بات پر اتفاق ہوا؟ شاہد خاقان نے بتا دیا

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے کہا تھا قیادت تبدیل کریں گے تو میرا کسی عہدے پر رہنا ممکن نہیں، جنوری میں استعفیٰ دے دیا تھا اب میں پارٹی کا عہدیدار نہیں ہوں۔

شاہد خاقان عباسی نجی دورے پر لندن پہنچے جہاں ان کی مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف ون آن ون ملاقات ہوئی جس کا احوال سامنے آنا باقی ہے۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نے کوئی نئی پارٹی بنانے کا عندیہ نہیں دیا جبکہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ری امیجنگ پاکستان ایک ڈائیلاگ کا پلیٹ فارم ہے جہاں سب کو بات کرنی چاہیے، ہر ایک کو ڈائیلاگ میں شامل ہونا چاہیے، ملک کو آگے کیسے لے کر جانا ہے یہ سب کو مل بیٹھ کر سوچنا چاہیے۔

ان کہان تھ کہ اس سال اکتوبر یا نومبر میں الیکشن ہونا قانون کے مطابق ضروری ہیں، صوبائی اسمبلیاں ملک میں انتشار پھیلانے کیلیے توڑی گئیں۔

خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی کی پارٹی کے ساتھ اختلافات کی خبروں گردش کرتی رہی ہیں۔ جنوری میں انہوں نے بطور سینیئر نائب صدر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عہدے سے مستعفی ہوا ہوں پارٹی سے نہیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو اسپیس چاہیے ہم وہاں ہوں گے تو اختلاف رائے بھی ہو سکتا ہے، ہم میاں صاحب (نواز شریف) کے ساتھی ہیں، ہر جماعت میں طریقہ ہوتا ہے جب نئے لوگ آتے ہیں تو پرانے نئے رول میں آ جاتے ہیں۔