شہباز شریف باکو سے ’شدید متاثر‘؛ آج پھر قصیدے پڑھ دیے

شہباز شریف باکو سے ’شدید متاثر‘؛ آج پھر قصیدے پڑھ دیے Shehbaz Sharif

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ میں آذربائیجان کا سرکاری دورہ کیا جہاں وہ اس کے دارالحکومت باکو سے ’شدید متاثر‘ ہوئے۔ انہوں نے آج پھر باکو کے قصیدے پڑھ دیے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشادہ سڑکیں دیکھنی ہیں تو باکو جائیں جہاں آپ ہاتھوں میں چائے کا کپ یا پانی کا گلاس لے کر چلیں لیکن مجال ہے اس میں ذرا سی بھی طغیانی آ جائے۔

شہباز شریف نے تقریب میں موجود وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں بھی آذربائیجان جانے کا مشورہ بھی دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ سے گزارش کروں گا کہ فی الفور اپنی ٹیم باکو لے کر جائیں۔

وزیر اعظم نے حنیف عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’حنیف صاحب اگر آپ باکو جائیں گے تو آپ کو تارے نظر آ جائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ اللہ نے آذربائیجان کو تیل کے ذخائر سے مالا مال کیا ہے، باکو شہر دیکھنے والا ہے اگر سڑکوں کو دیکھیں تو بہت خوبصورت ہیں، آذربائیجان کے صدر سے گزارش کی تھی کہ اپنی ٹیم بھجواؤں گا۔