عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کا ٹیزر جاری

عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کا ٹیزر جاری Alia Bhatt Ranveer Singh

ممبئی: بالی وڈ اسٹارز عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی آئندہ ریلیز کی جانب سے فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کا آفیشل ٹیزر جاری کر دیا گیا۔

عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ نے فلم ’گلی بوائے‘ میں ایک ساتھ اسکرین شیئر کی تھی اور اب فلمساز کرن جوہر کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں خوبصورت کیمسٹری شیئر کرنے کیلیے تیار ہیں۔

فلم کا آفیشل ٹیزر آج ریلیز کیا گیا جس نے دیکھنے والوں کو مسحور کر دیا۔ فلم 28 جولائی کو سنیما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جائے گی۔

ٹیزر کی بات کریں تو اس میں کوئی ڈائیلاگ شامل نہیں ہے بلکہ بیک گراؤنڈ میں گانا ’تم کیا ملے‘ سنا جا سکتا ہے جو معروف گلوکار اریجیت سنگھ نے گایا ہے۔

فلم کے ٹیزر نے دیکھنے والوں کو سُپر اسٹار شاہ رخ خان اور مقبول اداکارہ کاجول کی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کی یاد دلا دی جس میں دونوں کی خوبصورت کیمسٹری کو کافی پسند کیا گیا تھا۔

1 منٹ 19 سیکنڈ طویل ٹیزر میں عالیہ بھٹ، رنویر سنگھ، دھرمیندر، جیا بچن اور شبانہ اعظمی کی جھلک دکھائی گئی۔

’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کی ریلیز کے ساتھ ہی فلمساز کرن جوہر نے انڈسٹری میں اپنے 25 سال مکمل کر لیے۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں کُل 7 فلموں کی ہدایتکاری کی جن میں ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی الوداع نہ کہنا‘، ’مائی نیم از خان‘، ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ شامل ہیں۔

درج بالا تمام فلموں باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔