اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کا 11 نکاتی ایجنڈا کیا ہوگا؟

اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا، اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا جائے گا۔

اسحاق ڈارکی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پرغورہو گا۔ حکومتی ایجنسیز کو فارماسیوٹیکل خام مال امپورٹ کرنے کے لیے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کی منظوری دی جائیگی۔

کے الیکٹرک کے لیے سہہ ماہی بنیادوں پر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ وزارتِ تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ کے لیے 56 کروڑ 71 لاکھ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جائیگی۔

وفاقی ٹیکس محتسب سیکریٹریٹ ملازمین کے اخراجات کے لیے 1 کروڑ 40 لاکھ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظور متوقع ہے، وزارت داخلہ کی سمری پررینجرز کے ہیلی کاپٹر کےمرمتی کاموں کے لیے 1 کروڑ 92 لاکھ کی گرانٹ منظور کی جائے گی۔

مزید یہ کہ آئی بی کے لیے 15 کروڑ جبکہ وزارتِ ہاؤسنگ کی سمری پر 50 کروڑ تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جائیگی۔