یونان کشتی حادثہ: 98 نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لئے گئے

یونان کشتی حادثہ

لاہور : وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں جاں بحق افرادکی شناخت کیلئے 98 نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لئے۔

تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثہ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 98 نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لئے۔

ایف آئی اے گجرات میں 52 متاثرین کے ورثا کی جانب سے اور گوجرانوالہ میں 46 متاثرہ خاندانوں کی جانب سےڈی این اے سیمپلز دئیے گئے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ڈی این اے سیمپلز کشتی حادثے میں جاں بحق افرادکی شناخت کیلئے حاصل کئے گئے ہیں۔

آزاد کشمیرکےضلع کوٹلی سےجانے والےاٹھائیس نوجوان ابھی تک لاپتہ ہیں،جن میں سےچارکا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ تمام اٹھائیس خاندانوں کے ڈی این اے سیمپل جمع کرلیے گئے ہیں۔

خیال رہے یونان کشتی حادثے میں تین سو سے زائد پاکستانی لاپتہ ہیں، جن میں سے صرف گوجرانوالہ ریجن کے ایک سو ایک افراد لاپتہ ہیں جبکہ لاپتہ افراد میں گوجرانوالہ کے38افرادشامل ہیں۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گجرات کےرہائشی47افرادکشتی حادثےمیں لاپتہ ہیں اور سیالکوٹ کے رہائشی 11افراد اور منڈی بہاؤالدین کے رہائشی 5افراد بھی لاپتہ ہونے والوں میں شامل ہیں۔