جنسی ہراسانی کیس: مرکزی مجرم عثمان مرزا اور چار ساتھیوں کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں خارج

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے جنسی ہراسانی کے مجرم عثمان مرزا سمیت چار ساتھیوں کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں خارج کرتے ہوئے ان کی سزا برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے لڑکا، لڑکی جنسی تشدد کیس میں ملوث مرکزی مجرم عثمان مرزا سمیت 5 مجرموں کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں خارج کردی ہیں۔

عدالتی حکم کے مطابق تمام مجرموں کی عمر قید کی سزائیں برقرار رہیں گی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر کی جانب سے محفوظ فیصلہ سنایا گیا۔

واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ اسلام آباد نے مذکورہ مقدمے میں جوڑے پر بندوق تاننے، کپڑے اتارنے، انھیں مارنے اور جنسی ہراساں کرتے ہوئے فلم بنانے کے جرم میں مرکزی مجرم عثمان مرزا او اس کے چار ساتھیوں حافظ عطا الرحمان، قیوم بٹ، محب بنگش اور فرحان شاھین کو بھی عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ عمر بلال اور ریحان مغل کو بری کردیا گیا تھا۔