ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کو دھچکا

ایشیز سیریز

برمنگھم: ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کو دھچکا لگ گیا۔

ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے بعد میچ ریفری اینڈی کرافٹ نے سلو اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو دو پوائنٹس بھی کم ہوگئے۔

چیمپئن شپ میں آسٹریلیا کے پوائنٹس 10 جبکہ انگلینڈ کے مائنس 2 ہیں۔

دونوں ٹیموں نے مقررہ وقت میں 2 اوورز کم کروائے اور دونوں کپتانوں نے اس غلطی کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی۔

برمنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 273 رنز پر آل آؤٹ ہوئی اور 8 رنز کی لیڈ کے ساتھ آسٹریلیا کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دیا، مہمان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔