وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات : وعدوں کو پورا کرنے کی یقین دہانی

شہباز آئی ایم ایف

پیرس : وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کو ملاقات میں یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ کئےگئے وعدوں کو پورا کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق پیرس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگرام سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو پاکستان کے معاشی استحکام سے متعلق کیئے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام نے 9 ویں جائزہ کیلئے ضروری اقدامات مکمل کرلئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ کئےگئے وعدوں کو پورا کرے گی ، امید ہے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت جلد پاکستان کو مختص فنڈز جاری ہوں گے، فنڈز اجراسے معاشی استحکام ،عوام کو ریلیف فراہمی کی کوششوں کو مدد ملے گی۔

ملاقات میں ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے وزیراعظم کو ادارہ جاتی سطح پر کئےجانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔