بھارت ’’ایشیا کپ‘‘ سے ملنے والی رقم کا کیا کرتا ہے؟ سابق کرکٹر کا حیران کن انکشاف

بھارت ایشیا کپ سے ملنے والی رقم کا کیا کرتا ہے اس حوالے سے سابق بھارتی کرکٹر نے انتہائی حیران کن انکشاف کیا ہے۔

بی سی سی آئی دنیا کا سب سے امیر کرکٹ بورڈ ہے۔ جس کی کل مالیت اربوں روپے میں ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کی مجموعی مالیت تقریباً 2 بلین ڈالر ہے جس کو اگر ہندوستانی کرنسی میں تبدیل کرکے دیکھا جائے تو یہ تقریباً 16 ہزار کروڑ روپے جب کہ پاکستانی روپے میں یہ مالیت 50 ہزار کروڑ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔

ایشیا کپ ایشین کرکٹ کونسل کا ایونٹ ہے اور ہر انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی طرح اس میں بھی شریک ہر ٹیم کو اس کا حصہ دیا جاتا ہے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ اس رقم کو کہاں خرچ کرتا ہے اس حوالے سے سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔

آکاش چوپڑا نے اپنے یوٹیوب چینل پر یہ حیرت انگیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے جب سے ایشیا کپ شروع ہوا ہے تب سے آخری ایونٹ تک اس کی آمدنی سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا ہے بلکہ وہ اپنے حصے کی رقم واپس ایشین کرکٹ کونسل کو دے دیتا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بی سی سی آئی اپنے حصے کی تمام رقم اے سی سی کو اس لیے دیتا ہے کہ جن مماک میں کرکٹ کی ترقی کی ضرورت ہو اسے وہاں پر خرچ کیا جا سکے۔ بورڈ کا اس بارے میں موقف ہے کہ اس کے پاس پہلے ہی بہت پیسہ ہے اور اسے چھوٹے پیسے نہیں چاہئیں۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ جس کی مجموعی مالیت تقریباً 2 بلین ڈالر ہے۔ اس کی کمائی کا سب سے بڑا ذریعہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ہے جہاں سے اسے انٹرنیشنل ایونٹ سے بھی زیادہ ریونیو وصول ہوتا ہے۔