اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینی اراضی پر غیرقانونی قبضہ کر لیا

عالمی تحفظات کے باوجود اسرائیلی آباد کاروں نے فلسطینی اراضی پر نئی غیر قانونی چوکی قائم کر دی۔

آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کے تعاون سے رام اللہ اور نابلس کے درمیان شاہراہ پر لبن الشرقیہ گاؤں کے قریب نجی فلسطینی اراضی پر ایک نئی غیر قانونی چوکی قائم کی ہے۔

یہ چوکی لبن الشرقیہ اور سنجیل کے درمیان واقع ہے جہاں منگل کو مقبوضہ مغربی کنارے میں ایلی کی غیر قانونی بستی کے قریب چار اسرائیلی آباد کاروں کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

اس واقعے سے ایک روز قبل اسرائیلی فورسز نے وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے 6 فلسطینیوں کو شہید اور 100 کے قریب لوگوں کو زخمی کر دیا تھا۔

https://urdu.arynews.tv/israels-plan-to-build-over-4500-settlements-inside-occupied-west-bank-condemnable-pm/

فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق آباد کاروں نے جمعرات کی صبح چھ موبائل گھر قائم کیے ہیں۔ وفا کے ایک نمائندے نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے بلڈوزروں نے علاقے میں بستی کی چوکی کے قیام کے لیے زمین کو ہموار کیا تھا۔

لبن الشرقیہ ان دیہاتوں میں سے ایک تھا جو بدھ کی رات ایلی کے قریب فائرنگ کے بعد آبادکاروں کے حملوں میں نشانہ بنا تھا۔ ایک بچے اسماعیل اویس کو آباد کاروں کی جانب سے سر اور کمر پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔