ساتھی آنکھوں کے سامنے ڈوبے، کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے نوجوان نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

کشتی حادثے

گوجرانوالہ: کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے گوجرانوالہ کے نوجوان نے آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھی آنکھوں کے سامنے ڈوب گئے، سمندر کی ڈنکی موت کا راستہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثے میں گوجرانوالہ کا ایک اور نوجوان معجزانہ طور پر محفوظ رہا، کوٹلی نواب اپل سانسی کا رہائشی انضمام بھی لیبیا سے اٹلی جانیوالی کشتی میں سوار تھا۔

کشتی حادثہ میں بچ جانیوالا انضمام یونان کے اسپتال میں زیرعلاج رہا ، جس کے بعد انضمام کا آڈیو اور ویڈیو پیغام سامنے آگیا ہے ، جس میں اس نے نوجوانوں سے غیر قانونی طورپر نہ جانے کی اپیل کی ہے۔

متاثرہ نوجوان نے بتایا کہ انسانی اسمگلر سبز باغ دکھاتے ہیں ،کھانا ملتا ہے نہ پا نی، لوگ لیبیا سے یورپی ممالک کا غیر قانونی سفرنہ کریں ، یہ راستہ موت کا راستہ ہے۔

پیغام میں کہا گیا کہ چھ دن اور سات راتیں جان ہتھیلی پر رکھ کر گزاریں۔ کوئی غیرقانونی طور پرڈنکی لگانےکا سوچے بھی نہیں۔

نوجوان انضمام کا کہنا تھا کہ اللہ کااحسان ہےجس نےدوسری زندگی عطاکی ہے، آنکھوں کے سامنے لوگوں کوڈوبتے دیکھا ساتھیوں کو قبربھی نصیب نہیں ہوئی، صرف 12 پاکستانی کشتی حادثہ میں زندہ بچ سکے ہیں۔