9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکا رہے ہیں، شہباز شریف

این اے 132 سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکا رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر فرانس میں موجود ہیں جہاں آج انہوں نے پاکستانی برادری سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان بزنس فورم کے نمائندے بھی شریک رہے۔

ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کی پرزور مذمت کریں،9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکا رہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اپنے ممالک میں جھوٹ بے نقاب کرنے میں کردار ادا کریں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی وطن کیلیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے ایک سال میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ نہایت کٹھن فیصلوں سے گزر کر یہاں تک پہنچے ہیں، 4 سال میں معیشت تباہ، بے روزگاری اور مہنگائی آسمان پر پہنچا دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا، ایک سال محنت سے خارجہ تعلقات بحال کیے، پاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاری میں رکاوٹیں ہٹانے کیلیے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل بنا دی، پاکستان کی معاشی خود مختاری، ترقی اور مضبوطی ہی مستقبل محفوظ بنا سکتی ہے۔