لندن: وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایم ڈی سے فرانس میں ہونے والی اہم ملاقات کا احوال بتا دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف فرانس کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد لندن پہنچے جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسم سے متعلق کانفرنس میں شرکت کیلیے پیرس گیا تھا وہاں آئی ایم ایف کے ایم ڈی سے دوستانہ گفتگو ہوئی، ان کو بتا دیا کہ پاکستان نے تمام شرائط پوری کر دی ہیں، اب پروگرام بورڈ میں جاکر منظور ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان سے معاملات پر گفتگو کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کی ٹیم کی قیادت وزیر خزانہ اسحاق ڈار کریں گے ان سے میرا بھی رابطہ ہے، معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنا چاہتے ہیں۔
ادھر ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف لندن میں 3 روز قیام کریں گے جبکہ نواز شریف سے ملاقات میں عام انتخابات اور دیگر امور پر مشاورت متوقع ہے۔