9 مئی واقعات کے ملزمان کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہونا چاہیے، فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ملزمان کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہونا چاہیے، فوجی عدالتیں ان ملزمان کے خلاف سماعت بہتر کر سکتی ہیں۔

رہنما آئی پی پی اور سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ’پرو پاکستان‘ جماعت ہے جس کا نظریہ ’سپاہ باقی تو دفاع باقی‘ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کی یادگاریں زندہ قوموں کیلیے تاج محل سے بڑھ کر ہوتی ہیں، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی جرم عظیم ہے، آرمی تنصیبات پر حملہ غیر معمولی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک ایسے شرپسند حملہ آوروں سے نرمی کا متحمل نہیں ہو سکتا، 9 مئی واقعہ ملکی سالمیت، امن و استحکام اور دفاعی مضبوطی سے متصادم ہے، مرکزی کرداروں اور ذمہ داروں کو انجام تک پہچانا لازمی ہے۔

رہنما آئی پی پی نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں اب کسی ہینڈسم گورباچوف کی گنجائش نہیں، سیاست میں حواس باختگی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، جس پارٹی کو ملکی سالمیت کا خیال نہیں اسے سیاست کا حق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس نے جو بویا وہی کاٹ رہا ہے، ان کے دور میں یہی ملٹری کورٹس 25 لوگوں کو سزا سنا چکی ہیں۔