پنجاب میں گوشت اور پولٹری انڈسٹری کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے لائیواسٹاک، ڈیری ڈیولپمنٹ کے لیے پلان طلب کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں گوشت اور پولٹری انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے لائیواسٹاک اور ڈیری ڈیولپمنٹ کے لیے پلان طلب کرتے ہوئے میٹ ایکسپورٹ کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بیف، مٹن اور پولٹری انڈسٹری کے فروغ میں رکاوٹیں دورکی جائیں گی، ذرائع کے مطابق پنجاب کے بہاولپور ڈویژن کو میٹ ڈویژن قرار دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ہونے والی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں گوشت اور پولٹری ایکسپورٹ سے اربوں ڈالر کا زرِمبادلہ مل سکتا ہے، اس کے لیے سیمن پروٹیکشن، فارم مینجمنٹ اور ویکسی نیشن کے جدید طریقہ کار کو اپنانا ضروری ہے۔
بریفنگ کے مطابق پنجاب سعودی عرب اور چین کو لائیو اسٹاک، ڈیری پروڈکٹس ایکسپورٹ کرنے کی استعداد رکھتا ہے، پولٹری انڈسٹری کو میکانائزیشن کی طرف لے جانا ہوگا، ایکسپورٹ کے لیے لائیو اسٹاک پروڈکشن کی حلال سرٹیفکیشن اور ٹریس ایبلیٹی لازمی امر ہے۔