لوڈ شیڈنگ کا کالا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا! شارٹ فال ساڑھے چھ ہزار میگا واٹ

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار598 میگاواٹ تک پہنچ گیا، لوڈ شیڈنگ کا کالا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا ہے، ملک بھر میں لوگ بلبلا اٹھے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال شدید ہوگیا ہے جو کہ 6 ہزار598 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے اور لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی کی پیداوار اس وقت محض 20 ہزار402 میگاواٹ تک ہے۔

ملک میں پن بجلی کی پیداوار6 ہزار 200 میگاواٹ ہے، آئی پی پیز کے ذریعے بجلی کی پیداوار 9 ہزار میگاواٹ تک ہے، اس کے علاوہ سرکاری تھرمل پاورپلانٹس سے صرف 563 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

نیو کلیئر پاور پلانٹس سے 3 ہزار 164 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے، ونڈ پاور پلانٹس سے 1245 جبکہ سولر پاور پلانٹس کی پیداوار کے ذریعے 100 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو رہی ہے، گنے کے پھوک سے چلنے والے پلانٹس سے 130 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملک بھر میں 6 سے 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، ایسے ایریاز جو لائن لاسز والے علاقوں کے زمرے میں آتے ہیں وہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ معمول سے زائد ہے۔