عثمان وزیر ورلڈ ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب

عثمان وزیر

قومی باکسر عثمان وزیر نے ورلڈ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی باکسر عثمان وزیر نے گلگت میں ہونے والی قراقرم انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ جیت لی۔

عثمان وزیر نے فائنل میں تنزانیہ کے ٹاپ باکسر فقیری سیلوم کو شکست دی۔

آٹھ راؤنڈ کی اس فائٹ میں پاکستانی باکسر عثمان وزیر آخری دو راؤنڈ کے دوران عمدہ طریقے سے لڑے اور اپنے تابڑ توڑ مکوں سے حریف کو بے بس کردیا۔

لالک جان اسٹیڈیم میں ہونے والے ایونٹ میں دس ملکوں کے باکسرز نے شرکت کی، ایشین بوائے نے کامیابی پاک فوج کے شہیدوں کے نام کردی۔

باکسنگ کا مقابلہ دیکھنے کیلئے پاکستان کے دو فاسٹ بولرز شاہنواز دہانی اور میر حمزہ بھی ایرینا میں موجود تھے، دونوں کرکٹرز نے مقابلہ شروع ہونے سے قبل باکسر عثمان وزیر کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا۔

مقابلے کو دیکھنے کیلئے گلگت کے لالک جان اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ایرینا میں عثمان وزیر کی آمد پر اُن کا شاندار استقبال کیا۔