کے الیکٹرک لائسنس معطل نہ ہونے کے ذمہ دار کون؟ حافظ نعیم کا اہم بیان

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس معطل نہ ہونے کی ذمہ دار ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم ہے، کراچی میں کیوں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، شہر کی آواز ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس معطل کیا جائے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے گرمی بڑھنے کے ساتھ ساتھ شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے، انھوں نے کہا کہ بجلی کمپنی کا لائسنس معطل نہیں ہورہا ہے تو ذمہ دار ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم ہے۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کیوں ہورہی ہے، کے الیکٹرک کے لائسنس کا مسئلہ چل رہا ہے، شہر کی آواز ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس معطل کیا جائے، بجلی چوری ایک جگہ ہوتی ہے مگر اس کا بوجھ پوری آبادی پر ڈال دیا جاتا ہے، مکانوں اور دکانوں کی بجلی ایک مہینے میں کٹ جاتی ہے۔

گرمی بڑھنے کے ساتھ ساتھ شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے، کے الیکٹرک سستی بجلی لے کر مہنگی بجلی دے رہی ہے، فیول بھی زیادہ خرچ ہو اور یہ ادائیگیاں بھی نہ کریں، ان کو سبسڈی ملتی ہے۔ ایک گروپ کو نوازنے کے لیے قومی خزانے پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے، اس وقت شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

حافظ نعیم کے مطابق پورے مافیا کا مقابلہ عوام کو ہی کرنا ہوگا، شہر میں اس وقت پانی کا شدید بحران ہے، 660 ملین گیلن پراجیکٹ کو 250 ملین گیلن کا پراجیکٹ بنا دیا ہے، 18 سال میں ان پارٹیوں نے کراچی میں ایک بوند کا اضافہ نہیں کیا۔

کرپشن کے دھندے کے پیچھے کون ہے؟ بہت تقریر سننے کو مل رہی ہے کہ معیشت ہماری ترجیح ہے، مافیاز کی سرپرستی کریں گے تو بے نقاب بھی ہوں گے، آصف زردرای پراجیکٹ بلاول چلا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین اور وائس چیئرمینز کو فوری اختیارات منتقل کیے جائیں، کراچی میں بہت بڑا مارچ کریں گے، کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا قبول نہیں کرسکتے، میئر کا معاملہ پاکستان میں سب سے بڑا موضوع ہے۔