پاکستان سے اسٹاف لیول معاہدہ، آئی ایم ایف مزید جانچ پڑتال کرنے پر مصر

پاکستان سے اسٹاف لیول معاہدے کے معاملے پر آئی ایم ایف ماہرین نے مزید وقت مانگ لیا، عالمی مالیاتی ادارے کو میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز بھیجی جا چکی ہیں، میمورنڈم کے مسودے میں 9 ٹیبلز کے جوابات دیے گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سے اسٹاف لیول معاہدے کے معاملے پر آئی ایم ایف ماہرین نے مزید وقت مانگا ہے جب کہ پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کو میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز بھیج دی ہیں، میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز کے مسودے میں 9 ٹیبلز کے جوابات دیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ماہرین نے ایم ای ایف پی کی جانچ پڑتال کے لیے وقت مانگا ہے، ماہرین کو ایم ای ایف پی کے 9 ٹیبلز کی جانچ پڑتال کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا، عالمی مالیاتی ادارے کے ماہرین ایم ای ایف پی میں ایکسٹرنل فنانسنگ کی ضروریات کا جائزہ لیں گے جبکہ درآمدات پرعائد پابندی ختم ہونے کے بعد کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ایم ای ایف پی کے حوالے سے ماہرین کے مطمئن ہونے تک اسٹاف لیول معاہدے کے لیے انتظار کرنا پڑے گا، وزارت خزانہ کے ذرائع نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان نے اسٹاف لیول معاہدے کے لیے تمام شرائط پوری کی ہیں، اس لیے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ جلد ہونے کی توقع ہے۔